کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے ضلع کیچ میں مسلح افراد کا گھر پر راکٹوں سے حملہ خاتون اور بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق، چار زخمی ہوگئے، ایک حملہ آور ہلاک۔ سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق بدھ کو نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے محمد آباد میناز میں عبدالحمید نامی شخص کے گھر پر فائرنگ اور راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں فضیلہ نامی خاتون دو بچے چنگیز، گل ماز اور دوافراد مسلم شاہ اور یوسف جاں بحق جبکہ عبدالغفار، سارہ، عائشہ،عمر زخمی ہوگئے۔سیکورٹی فورسز کے مطابق دہشتگردوں نے گھر پر ماٹر گولے بھی فائر کئے جبکہ جوابی کاروائی میں ایک حملہ ہلاک ہوا جس کی لاش مقامی افراد نے نذر آتش کردی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔مزید کاروائی جاری ہے۔

