بولان(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی زیر صدارت ڈھاڈر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مسائل براہِ راست ڈپٹی کمشنر کچھی کے سامنے رکھ دیئے کھلی کچہری کے دوران علاقہ معززین و شہریوں نے بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈکیتی کی وارداتوں، امن و امان کی مخدوش صورتحال سمیت دیگر دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کیامقررین کا کہنا تھا کہ آئے روز پیش آنے والے جرائم سے عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں جبکہ بنیادی سہولیات کی فقدان کی وجہ سے شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں پولیس گشت کو موثر بناکر مشکوک عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل کے حل میں تاخیر اور بعض مقامات پر صفائی و سیوریج کے نظام کی خرابی کو دور کیا جائے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی جمعہ داد خان مندوخیل نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ محکموں کے آفیسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ امن و امان کی بہتری کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ڈپٹی کمشنر کچھی نے مزید کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو براہِ راست اپنی بات کہنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ مسائل کے فوری اور موثر حل کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں کھلی کچہری کے اختتام پر متعدد درخواستیں متعلقہ محکموں کو کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئیں جبکہ بعض مسائل کے فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

