ممبران پارلیمنٹ عوام کی خدمت کی بجائے کرپشن اور مال بنانے میں مصروف ہیں،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے مقامی افراد کی بجائے عام انتخابات میں دوسرے اضلاع سے لوگوں کو لاکر قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبر بنادیا گیا جو عوام کی خدمت کی بجائے کرپشن اور مال بنانے میں مصروف ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ 2024ء کے عام انتخابات میں کوئٹہ کے مقامی افراد کو پارلیمنٹ سے دور رکھ کر دیگر اضلاع سے لگائے گئے افراد کو کوئٹہ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب کرایا گیا جو کوئٹہ کے مسائل اور عوام کی تکالیف سے ناواقف ہیں اورانہیں عوام کے مسائل سے کوئی سرکارنہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ایک درجن کے قریب ممبران ہونے کے باوجود صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آنے والے فنڈز ترقی پر خرچ ہونے کی بجائے کرپشن اور بدعنوانی کی نظر ہورہے ہیں جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور اینٹی کرپشن کو ترقیاتی فنڈز میں کرپشن اور خوردبرد کانوٹس لیکر ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں سے پہلے ہی بہت پیچھے ہے لیکن صوبے کو ترقی دینے کی بجائے مزید پسماندگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جو کسی بھی طرح صوبے کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے دربدرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن نوکریاں سرعام فروخت کی جارہی ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اگریہی صورتحال برقرار ہی تو وہ دن دور نہیں جب حکمرانوں اورسیاسی جماعتوں کے قائدین کے گریبان اور عوام کے ہاتھ ہونگے اورانہیں بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں