کوئٹہ(یو این اے)پشتونخوا میپ کے علاقائی سیکرٹری سریاب حنیف خان ترہ کئی اور سینئر رہنما مبارز گل جان خلجی نے سریاب سب ڈویژن کے ایس ڈی او صدام لہڑی سے ملاقات کی، جس میں خلجی کالونی کے عوام کو درپیش بجلی کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران پشتونخوا میپ کے وفد نے ایس ڈی او صدام لہڑی کو آگاہ کیا کہ خلجی کالونی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ خاص طور پر ماہِ رمضان کے پیش نظر درزی حضرات، چھوٹے کاروباری افراد اور گھریلو صارفین روزمرہ اُمور میں دشواری کا سامنا کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ افطار اور سحر کے اوقات میں بجلی کی 12سے 14گھنٹے لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کی وجہ سے مسائل مزید بڑھ جاتے ہیں۔ایس ڈی او سریاب صدام لہڑی نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان المبارک کے تقدس اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے تکنیکی ٹیموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور جلد بہتری نظر آئے گی۔اس موقع پر پشتونخوا میپ رہنماؤں نے اُمید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اپنی یقین دہانی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ خلجی کالونی کے مکینوں کو فوری ریلیف مل سکے۔

