کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیرصدارت 40منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر بی اے پی کی رکن فراح عظیم شاہ نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ایوان سے گزارش کرتی ہوں کہ اج افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تمام ارکان ایوان میں اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے دو افسران سمیت 11 اہلکار بارڈر پر شہید ہوئے ہیں ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے جس کے بعد ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی گئی۔

