کوئٹہ(این این آئی)فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام و مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے پاک افغان بارڈر پر افغان طالبا ن رجیم کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان افغانستان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی کاروائیوں کا بھرپور و مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور جاتا رہے گا،افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جھوٹا و بے بنیاد پرپیگینڈا کیا جارہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،خوش فہمیوں پر مبنی ایسی تمام افواہیں خفت مٹانے کیلئے پھیلائی جارہی ہیں۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ عملی میدان میں شکست فاش کے بعد افغان طالبان رجیم جھوٹ اور پروپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہے افغان طالبان رجیم کو ہر گز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی کاروائی میں افغان طالبان رجیم کے درجنوں کارندے جہنم واصل اور متعدد زخمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دنوں خطے بالخصوص پاکستان میں معصوم لوگوں کو شہید کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی کی،افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اور پاک فوج اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں پاک فوج اوردیگرسیکورٹی ادارے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

