کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر و امیر ضلع کوئٹہ شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری و ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، صوبائی نائب امیر و ضلعی سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطا محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے نااہلی، بدانتظامی اور غفلت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے محض کھوکھلے نعروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ رمضان پیکج کے نام پر مختص اربوں روپے کے راشن حقیقی مستحقین اور غرباء تک پہنچانے کے بجائے فارم 47 کے ایم پی ایز اپنے منظورِ نظر افراد اور سیاسی ٹولوں میں بانٹ رہے ہیں جو کھلی ناانصافی اور عوام کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔ دن رات بجلی اور گیس کی آنکھ مچولی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس اور بجلی مکمل طور پر غائب رہتی ہے جس سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے بجائے مبینہ طور پر رشوت خوری میں مصروف ہیں جس کے باعث مہنگائی بے قابو ہو چکی ہے۔ آٹا، چینی، دالیں اور دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور آئے روز نرخوں میں من مانے اضافے نے غریب عوام کو نانِ شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ہر محاذ پر ناکامی کا شکار نظر آتی ہے اور عوام کو کسی قسم کا ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

