نوجوان رمضان کی بابرکت راتوں کو عبادتِ الٰہی سے منور کریں، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب امیر و ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، صوبائی نائب امیر و ضلعی سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد نورزئی، مفتی رضا خان، حاجی ظفر اللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، مولوی نقیب اللہ ملاخیل اور دیگر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور نجات کا مہینہ ہے جس کا ہر لمحہ قیمتی اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا سنہرا موقع ہے۔ مسلمان رمضان المبارک کے شب و روز کو غفلت، کھیل کود اور فضول مشاغل میں ضائع کرنے کے بجائے عبادات، تلاوتِ قرآنِ مجید، ذکر و اذکار، اور صلہ رحمی کے ذریعے قیمتی بنائیں رمضان کی بابرکت راتوں کو عبادتِ الٰہی سے منور کریں اور دن کو رزقِ حلال کمانے کا ذریعہ بنائیں کیونکہ یہی اس مقدس مہینے کی حقیقی روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا، کھیل تماشوں اور غیر ضروری مصروفیات میں قیمتی وقت ضائع کرنے سے اجتناب کرے اور اپنی توانائیاں دین سیکھنے اخلاقی تربیت اور معاشرے کی اصلاح میں صرف کرے۔ علماء کرام کی مجالس اور دینی محافل میں شرکت نوجوانوں کے کردار سازی اور فکری رہنمائی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، تقویٰ، اخوت اور باہمی ہمدردی کا درس دیتا ہے لہٰذا صاحبِ حیثیت افراد غریبوں، مسکینوں اور مستحق خاندانوں کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ کوئی بھی مسلمان اس بابرکت مہینے میں بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں