کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے پڑوسی علاقوں میں پیش آنے والے تکلیف دہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات پوری امت مسلمہ کے لیے باعث رنج و افسوس ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنی تکلیف اور دکھ کا اظہار احتجاج کے ذریعے دنیا تک پہنچانا فطری عمل ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی پولیس اور ضلعی انتظامیہ مظاہرین کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی احتجاج کے دوران عوام کے تحفظ اور قیام امن کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے تاہم وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ احتجاج کے بہانے قانون کی خلاف ورزی، شہریوں یا قومی املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں سب متحد رہیں اور امن و انصاف کے اصولوں کی پاسداری کریں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر احتجاج کو مہذب اور پرامن طریقے سے ریکارڈ کرنے اور عوام کے جائز مطالبات کو سننے کے لیے تیار ہے تاکہ امن و امان کے ساتھ ساتھ عوامی جذبات کی بھی مکمل قدر کی جا سکے۔

