کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکی و اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔بیان میں کہا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ کو ایک بار پھر جنگ کی آگ میں دھکیلنے کی کوششیں عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے نہ صرف ایران بلکہ اس کے تباہ کن اثرات جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا میں محسوس کیے جائیں گے۔ طاقت کے استعمال اور پابندیوں کی سیاست نے ماضی میں بھی تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا۔بیان میں کہا گیا کہ عالمی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور خودمختار ریاستوں کے اصولوں کی پاسداری ہر ملک پر لازم ہے۔ کسی بھی ملک کی خودمختاری کو چیلنج کرنا بین الاقوامی نظام کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔مرکزی ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ خطے کے تنازعات کا حل مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہے، نہ کہ جنگی کارروائیوں میں۔ نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ جنگ کا سب سے بڑا نقصان عام شہریوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ کو روکنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔

