شائقین نے نجی ٹی وی کے ڈرامے ’تیرے عشق کے نام‘ میں بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہا۔
حال ہی میں جمال شاہ اپنی سابقہ اہلیہ اور ساتھی فنکارہ فریال گوہر کے ساتھ ٹی وی پر جلوہ گر ہونے کی وجہ سے خبروں میں ہیں، جو ماضی میں پاکستان کی خوبصورت ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں۔
جمال شاہ نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں نادیہ خان اور زوہیب حسن کے ساتھ شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ندا یاسر کے پروگرام میں شرکت سے متعلق تنازع پر کھل کر بات کی۔
سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا اور بعد میں معلوم ہوا کہ فریال گوہر کو بھی اسی وقت بلایا گیا ہے، پھر میں نے یہ سوچ کر رضامندی ظاہر کی کہ بہتر ہے ایک ہی بار تمام باتیں واضح کر دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کوئی غیر آرام دہ صورتحال پیدا کرنا نہیں تھا، ہمیں صورتحال کو قبول کرنا پڑا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ عجیب نہیں تھا کیونکہ ہم ایک ہی شعبے میں کام کرتے ہیں اور اکثر ملاقات ہو جاتی ہے جب کہ اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں۔
جمال شاہ نے کہا کہ میں خود مطمئن تھا اور میری اہلیہ آمنہ کو بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا، وہ مجھ سے زیادہ سمجھدار ہیں، میری زندگی میں میری رہنمائی کرتی رہی ہیں، اس لیے ہمیں ایک ساتھ اسکرین پر آنے میں کوئی دقت محسوس نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگ بہت کچھ کہتے ہیں، لیکن اچھا ہوا کہ ہمارے ایک ساتھ آنے سے تمام سوالات، تجسس اور قیاس آرائیاں ختم ہو گئیں۔ ہمیں ایک ساتھ دیکھ کر مداحوں کا جوش بھی ٹھنڈا پڑ گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاید بظاہر یہ کچھ عجیب لگا ہو، مگر خوش قسمتی سے ہمارا رشتہ خوبصورت تھا اور اچھے انداز میں ختم ہوا، اس لیے کسی کو کوئی پچھتاوا نہیں۔

