کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچ ثقافت ہماری پہچان، غیرت، روایات اور تاریخ کا امین سرمایہ ہے۔ بلوچ کلچر ڈے ہمیں اپنی تہذیبی اقدار، روایتی لباس، زبان، موسیقی اور مہمان نوازی جیسی اعلیٰ روایات کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم نے ہمیشہ امن، بہادری اور وفاداری کی مثالیں قائم کی ہیں۔ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اپنی ثقافتی ورثے کی حفاظت اور فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔ نوجوان نسل کو اپنی روایات سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہماری ثقافت آنے والی نسلوں تک محفوظ منتقل ہو سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ثقافتی ہم آہنگی قومی یکجہتی کو مضبوط بناتی ہے اور بلوچستان کی خوبصورتی اس کے رنگا رنگ ثقافتی تنوع میں پوشیدہ ہے۔ حکومت بلوچستان ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، فنکاروں کی سرپرستی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر تمام اہلِ بلوچستان کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر اپنی تہذیب، زبان اور روایات کو زندہ و تابندہ رکھیں گے۔

