اوتھل(این این آئی)محکمہ ایجوکیشن لسبیلہ اور ایجوکیشن سپورٹ پروگرام (یونیسیف) لسبیلہ کی جانب سے داخلہ مہم2026کے حوالے سے اوتھل کے صحافیوں کو پریس بریفنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لسبیلہ مسعود حلیم ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) لسبیلہ حاجی نویداحمد ہاشمی, ڈی ڈی او اوتھل محمد اطہر قریشی، ایجوکیشن سپورٹ پروگرام (یونیسیف) لسبیلہ کے فیلڈ انجینئر محبوب شاہ مختیار بلوچ, گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن اوتھل کے چیئرمین عطاء اللہ ہمدم برہ اور دیگرشریک تھے.پریس بریفنگ سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرلسبیلہ سراج احمدبلوچ, ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لسبیلہ مسعود حلیم,ڈسٹرکٹ کوآرڈنیٹر یونیسف قادربخش نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعلیم لسبیلہ اور یونیسیف ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے داخلہ مہم 2026 کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے.اس مہم کا مقصد تعلیمی مواقع سے محروم بچوں کو اسکولوں میں داخل کر کے انہیں معیاری اور یکساں تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔رواں سال داخلہ مہم کے تحت 5530 ایسے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو کسی بھی وجہ سے تعلیم سے دور ہیں۔ تاکہ انہیں بھی روشن مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکے۔تاہم محکمہ تعلیم لسبیلہ نے اس ہدف سے آگے بڑھنے کا عزم کیا ہے۔ محکمے کا مؤقف ہے کہ “ہمارا مقصد صرف ایک عددی ہدف تک محدود نہیں، بلکہ ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکول تک رسائی دی جائے اور تعلیمی نظام میں شامل کیا جائے۔داخلہ مہم کے دوران آگاہی پروگرام، والدین اور کمیونٹی میٹنگز، تعلیمی سیمینارز، اور خصوصی مہم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکول میں داخل کیا جا سکے۔محکمہ تعلیم لسبیلہ اور یونیسیف کا یہ اشتراک تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، تعلیمی سہولیات کو مستحکم کرنے اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ تمام والدین اور کمیونٹی ممبران سے گزارش ہے کہ وہ اس قومی فریضے میں بھرپور تعاون کریں اور ہر بچے کو اسکول بھیجنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

