کوئٹہ(این این آئی)شکایت گزار نے بتایا کہ 42 سال خدمات انجام دینے کے بعد اس نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان (جی ایس پی) سے ریٹائرمنٹ لے لی، ریٹائرمنٹ کے بعد اس نے اپنا ٹی ٹی اے بل متعلقہ دستاویزات کے ساتھ جمع کرایا، لیکن اکاؤنٹس آفیسر نے بے بنیاد اعتراضات پر اسے مسترد کردیا۔انہوں نے اپنی شکایت کے ازالے کے لیے متعلقہ محکمے سے متعدد بار رجوع کیا۔لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لہذا، انہوں نے اپنی شکایت کے جلد ازالے کے لیے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی عدم توجہی اور تاخیر کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کا ٹی ٹی اے کا بل جلد ادا کیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کو ٹی ٹی اے بل کی مد میں دو لاکھ دو ہزار روپے ادا کر دیے۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کوئٹہ کا شکریہ ادا کیا۔

