پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے رمضان ریلیف پیکج کے تحت راشن تقسیم

صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) ضلع صحبت پور: پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر عوامی خدمت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ماہِ مقدس رمضان میں مستحق اور نادار افراد میں راشن تقسیم کیا۔ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے اعلان کردہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت صوبے بھر میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تسلسل میں ضلع صحبت پور میں بھی یہ اقدام عمل میں لایا گیا۔
پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد یعقوب خان کھوسہ نے پارٹی ورکروں اور مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دورِ حکومت میں عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں بھی پارٹی قیادت اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے رمضان ریلیف پیکج کا اجرا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے کمزور اور نادار طبقے کو ریلیف مل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضلع بھر کے چیئرمین حضرات بھی اسی جذبے کے تحت اپنے اپنے علاقوں میں اس عمل کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں تو اس کے مثبت اثرات مزید وسیع ہو سکتے ہیں۔
محمد یعقوب خان کھوسہ نے مزید کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ راشن حقیقی حقداروں تک پہنچے اور جو ذمہ داری ہمیں سونپی گئی ہے اسے احسن طریقے سے نبھایا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک میں عوامی خدمت اور مستحقین کی مدد ہی اصل مقصد ہے، اور پیپلز پارٹی اس مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں