گورنمنٹ ہائی اسکول براہم خان میں نئے کمروں کا افتتاح، داخلہ مہم کے سلسلے میں واک ریلی

بھاگ (رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر بھاگ عبدالمعید جاموٹ نے گورنمنٹ ہائی اسکول براہم خان کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے اسکول میں حال ہی میں تعمیر ہونے والے نئے کمروں کا باقاعدہ ربن کاٹ کر افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار تعلیم پر ہوتا ہے اور سرکاری اسکولوں کی بہتری دراصل مستقبل کی نسلوں کی مضبوط بنیاد ہے حکومت تعلیمی شعبے میں اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں خلوص نیت اور لگن کے ساتھ ادا کریں جبکہ والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں دورے کے دوران داخلہ مہم کے سلسلے میں ایک پرجوش واک ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالمعید جاموٹ نے شرکت کی اور طلبہ اساتذہ اور شہریوں کے ہمراہ ریلی کی قیادت کی ریلی کا مقصد علاقے کے عوام میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانے کی ترغیب دینا تھا انہوں نے کہا کہ داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے اس موقع پر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول براہم خان شبیر احمد شیخ، والدین کمیٹی کے چیئرمین ٹکری رحیم بخش ابڑو شبیر احمد ابڑو وڈیرہ نصیب اللّٰہ مندرانی مہیم خان مستوئی اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعلیم کے فروغ اور اسکول کی بہتری کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے اسسٹنٹ کمشنر نے اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ سے ملاقات کی ان سے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں محنت نظم و ضبط اور مستقل مزاجی اپنانے کی تلقین کی انہوں نے کہا کہ آج کا طالب علم کل کا معمار ہے اور اگر ہم نے آج تعلیم پر سرمایہ کاری کی تو کل ایک باشعور باصلاحیت اور ذمہ دار معاشرہ تشکیل پائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں