سبی(رپورٹر) ٹیچنگ ہسپتال میں مرحوم سردار سرفراز خان چاکر ڈومکی کے نام سے منسوب جدید الٹرا ساؤنڈ مشین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر صنعت و تجارت سردار کوہیار خان ڈومکی تھے مہمان خاص نے ربن کاٹ کر نئی الٹرا ساؤنڈ سروس کا باضابطہ آغاز کیا دوران افتتاح صوبائی وزیر سردار کوہیار خان ڈومکی نے کہا کہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سبی کے عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں انہوں نے کہا کہ جدید الٹرا ساؤنڈ مشین کی تنصیب سے نہ صرف تشخیص کا عمل تیز اور مؤثر ہوگا بلکہ مریضوں کو علاج کے لیے کوئٹہ یا دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت بھی کم پڑے گی اس موقع پر میڈیکل سپریڈنٹ ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر جہانزیب بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی اسپتعال میں چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی٬او پی ڈی میں روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد، دستیاب طبی سہولیات اور درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید مشین ہائی ریزولوشن امیجنگ کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے حاملہ خواتین، جگر، گردوں اور دیگر امراض کی بروقت اور درست تشخیص ممکن ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے غریب اور نادار مریضوں کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا۔ایم ایس نے عملے کی کمی،ادویات کی فراہمی اور دیگر طبی آلات کی ضرورت کی نشاندہی کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مزید تعاون کی درخواست بھی کی اس پر صوبائی وزیر نے مسائل کے حل اور ہسپتال کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
مقررین نے مرحوم سردار سرفراز خان چاکر ڈومکی کی سماجی، فلاحی اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام سے منسوب یہ جدید طبی سہولت ان کے مشن کی عملی تعبیر ہے اور علاقے کے عوام کے لیے ایک گراں قدر تحفہ ثابت ہوگی۔
تقریب میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، سماجی و قبائلی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس اقدام کو ضلع سبی میں صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح عوامی فلاح کے منصوبے متعارف کرائے جاتے رہیں گے

