حکومت بلوچستان خصوصی افراد اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ سردار کوہیار خان ڈومکی

سبی(رپورٹر)سماجی خدمت کی ایک قابلِ تحسین اور روشن مثال قائم کردی ڈائیریکٹر سوشل ویلفئیر امجد جاوید لاشاری کی جانب سے معذور افراد اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سوشل ویلفئیر ڈائریکٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خصوصی افراد کی معاونت اور خواتین کے چھ ماہہ سلائی کڑھائی پروگرام کی کارکردگی پیش کی گئی۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سماجی کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر صنعت و تجارت سردار کوہیار خان ڈومکی تھے،جنہوں نے خصوصی افراد میں وہیل چیئرز تقسیم اور دیگر کورسز مکمل کرنے والی طالبات میں سلائی مشین کٹس تقسیم کیں اور ان کے حوصلے، عزم اور خود اعتمادی کو سراہا انہوں نے خصوصی افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کی سربراہی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد جاوید لاشاری نے کی،تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک٬این سی ایچ ڈی ڈپٹی ڈائیریکٹر محمد اسلم جتوئی٬سیاسی وسماجی رہنماء میرحبیب الرحمن رند سمیت قبائلی معتبرین وسماجی شخصیات نے شرکت کی مقررین نے اپنے خطابات میں معاشرے کے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد جاوید لاشاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو صرف مالی امداد فراہم کرنا کافی نہیں بلکہ انہیں ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے خصوصی افراد کے لیے مختلف ہنر مندی پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں جن میں کمپیوٹر ٹریننگ، فنی تعلیم اور گھریلو صنعتوں کی تربیت شامل ہے، تاکہ انہیں معاشی طور پر خود مختار بنایا جا سکے۔تقریب کے دوران خواتین کے لیے قائم سلائی کڑھائی سینٹر کی چھ ماہہ تربیت کی تفصیلی کارکردگی بھی پیش کی گئی۔ اس پروگرام کے تحت درجنوں خواتین نے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی۔ تربیت مکمل کرنے والی خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں تاکہ وہ گھریلو سطح پر اپنا روزگار شروع کر سکیں اور اپنے خاندان کی کفالت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر تربیت حاصل کرنے والی خواتین نے اپنے تجربات بھی بیان کیے اور حکومت و محکمہ سوشل ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا۔مہمانِ خصوصی سردار کوہیار خان ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت بلوچستان خصوصی افراد اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فلاحی اور تربیتی پروگرامز نہ صرف معاشی خود انحصاری کو فروغ دیتے ہیں بلکہ معاشرتی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بھی مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرامز کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں۔تقریب کے اختتام پر خصوصی افراد اور خواتین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے میں امید اور حوصلے کو فروغ دیتی ہیں اور کمزور طبقات کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔صوبائی وزیر صنعت وحرفت سردار کوہیار خان ڈومکی نے امجد جاوید لاشاری٬فارسٹ آفیسر اللہ وسایا ودیگر سمیت پودا بھی لگایا

اپنا تبصرہ بھیجیں