لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش)سب تحصیل لیاری میں ماہِ صیام کے دوران پانی کا شدید بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث علاقائی مکین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ پندرہ روز سے لیاری کے مختلف محلوں میں پانی کی فراہمی معطل ہے، جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہےشہریوں کا کہنا ہے کہ ماہِ رمضان میں جہاں گھریلو استعمال کے لیے پانی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے، وہیں مسلسل بندش نے مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ خواتین، بزرگ اور بچے دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ بعض علاقوں میں ٹینکر مافیا نے من مانی قیمتیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں کے مطابق پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم فراہمی انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔لیاری کے عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، قبائلی و سیاسی رہنما میر زرین خان مگسی اور محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پانی کی سپلائی بحال کرائیں اور مستقل بنیادوں پر اس مسئلے کا حل یقینی بنائیں۔

