ضلع نصیرآباد میں رمضان راشن پیکج کی تقسیم پر بے ضابطگیوں کے الزامات

صحبت پور (عطا محمد کھوسہ ) ضلع نصیرآباد میں رمضان راشن پیکج کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ جنرل کونسلر گوٹھ عبدالحمید خان کھوسہ، میر عبدالحق خان کھوسہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نصیرآباد، یوسی دولت گھاڑی میں رمضان راشن پیکج کو شفاف اور منصفانہ انداز میں تقسیم کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سٹی ایریا میں ہر وارڈ کے کونسلرز کے ذریعے رمضان راشن پیکج تقسیم کیا گیا، اسی طریقہ کار کو یونین کونسل کی سطح پر بھی اختیار کیا جانا چاہیے تھا تاکہ حقیقی مستحقین تک امداد بروقت اور باعزت انداز میں پہنچائی جا سکے۔
میر عبدالحق خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ ایک کونسلر اپنے وارڈ کے غریب، مسکین، بیوہ اور نادار افراد سے بخوبی آگاہ ہوتا ہے، اس لیے اگر راشن کی تقسیم منتخب نمائندوں کے ذریعے کی جاتی تو مستحقین کو در در کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور جنرل کونسلر وہ اپنے وارڈ گوٹھ عبدالحمید خان کھوسہ کے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ اس وقت متعدد غریب اور بیوہ خواتین ان کے دروازے پر رمضان راشن پیکج کے حصول کے لیے بیٹھی ہیں، مگر انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث وہ اپنے حق سے محروم ہیں، جو افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے اور رمضان راشن پیکج کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے یونین کونسل کے منتخب کونسلرز کو عمل میں شامل کیا جائے، تاکہ عوامی اعتماد بحال ہو اور حقیقی حقداروں تک امداد کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں