معاشرے کے تمام طبقات مل کر داخلہ مہم میں اپنا کردار ادا کریں تو ضلع سبی میں شرح خواندگی میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ستار لانگو

سبی(رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالستار لانگو نے ڈپٹی کمشنر سبی کانفرنس حال میں ایجوکیشن آفیسر عبدالنبی پیچواہ٬ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی طارق الماس٬ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لہڑی لیاقت علی لغاری ودیگر فیمیل ذمہ دار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2026 کی داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز یکم مارچ سے کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرکے تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع سبی میں اس وقت 294 سرکاری اسکول فعال ہیں، جہاں رواں سال مجموعی طور پر 5421 نئے بچوں اور بچیوں کو داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم جیسی بنیادی سہولت سے محروم نہ رہے۔عبدالستار لانگو کا کہنا تھا کہ داخلہ مہم کے حوالے سے آگاہی واک کا احتمام بھی کیاجاۓ گا اور شہر بھر میں آگاہی بینرز بھی آویزاں کردی ہیں انہوں نے کہا ہے کہ سکول ہذا میں نئے داخل ہونے والے تمام طلباء و طالبات کو محکمہ تعلیم کی جانب سے مفت درسی کتب فراہم کی جائیں گی تاکہ والدین پر تعلیمی اخراجات کا بوجھ کم ہو اور زیادہ سے زیادہ بچے اسکولوں کا رخ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں اور انہیں زیورِ تعلیم سے آراستہ کریں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے صحافی حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات، والدین اور علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ داخلہ مہم کو کامیاب بنانے میں محکمہ تعلیم کا ساتھ دیں اور اپنے اپنے حلقوں میں لوگوں کو بچوں کی تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ ہر بچہ اسکول تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر معاشرے کے تمام طبقات مل کر اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں تو ضلع سبی میں شرح خواندگی میں نمایاں اضافہ ممکن ہے اور آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل فراہم کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں