قومی آر سی ڈی شاہراہ پر کھانٹا پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ ،ایک نوجوان جاں بحق

لسبیلہ(رپورٹ بیورو چیف حفیظ دانش) قومی آر سی ڈی شاہراہ پر کھانٹا پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت خالد حسین ولد علی حیدر قوم مگسی کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 23 سال بتائی جاتی ہے اور اس کا تعلق ٹنڈو آدم، سندھ سے بتایا جارہا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پولیس اسٹیشن اوتھل یار محمد کمانڈو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے اور مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں