کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی سلامتی، دفاع اور جمہوری استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تواسکا بھر پور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے ایٹمی طاقت بن کر خطے میں اسٹریٹیجک توازن قائم کیاجس کا سہرا سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دوراندیش وڑن اور قومی قیادت کی بصیرت کو جاتا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور کسی کو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھالیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مشکل ترین حالات میں عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قوم کو ایٹمی پروگرام کی بنیاد فراہم کی اور آج الحمداللہ پاکستان کا شمار ایٹمی قوت کے طور پرہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سلامتی، دفاع اور جمہوری استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اورپوری قوم ملک کے دفاع کیلئے پاک فوج اوردیگرسیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے سوشل میڈیا پر ملک اوراداروں کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت پروپیگنڈے میں مصروف ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔

