کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان ریونیواتھارٹی کی انفورسمنٹ ٹیم نے بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کی عدم تعمیل پر صوبے بھر میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق ٹی فار یو، بٹ کڑاہی، کیو ایف سی، اور میر افضل کڑاہی ہوٹل کو ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر سیلنگ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں بی آر اے نے ٹیکس قوانین کی مسلسل عدم تعمیل پر 57 ٹریول ایجنٹس، 27 ایل پی جی پلانٹس اور درجنوں دیگر سروس سیکٹر سے تعلق رکھنے والے سروس پرووائیڈرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاء جا رہی ہیں تاکہ واجب الادا سرکاری محصولات کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن نہ کروانے، ٹیکس ریٹرنز بروقت جمع نہ کرانے اور واجبات ادا نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں کاروباری مراکز کی سیلنگ اور بینک اکاؤنٹس کی ضبطی شامل ہے۔ بی آر اے نے تمام سروس فراہم کنندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی اور اضافی مالی بوجھ سے بچا جا سکے۔

