صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے باہمی تعاون، سیاسی ہم آہنگی اور تعمیری طرزِ عمل ناگزیر ہے،وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نیشنل پارٹی کے سربراہ اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں ایک وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی قیادت کے درمیان مشاورت اور مثبت مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے باہمی تعاون، سیاسی ہم آہنگی اور تعمیری طرزِ عمل ناگزیر ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں پائیدار ترقی، بہتر طرز حکمرانی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مشاورت کو اہمیت دی جا رہی ہے ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو مختلف موضوعات پر مشتمل کتابوں کا تحفہ پیش کیا وزیر اعلیٰ نے اس علمی تحفے پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی علمی، سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں