صحبت پور (رپورٹ اعجاز پیچوہا)ماہِ مقدس رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے مقصد سے ضلعی انتظامیہ صحبت پور کی جانب سے شہر صحبت پور میں رمضان سستا بازار قائم کیا گیا۔ اس سستے بازار کے قیام کا مقصد شہریوں کو روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء مناسب اور کم قیمتوں پر فراہم کرنا ہے تاکہ ماہِ رمضان کے دوران عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
رمضان سستا بازار میں گھی، چینی، مشروبات، چاول، آٹا، گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش، سبزیاں اور پھل عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمتوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مختلف اشیاء کی قیمتوں میں 20 سے 50 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ سستا بازار میں چینی 135 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 145 روپے فی کلوگرام ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اقسام کے شربت پر بھی 90 سے 100 روپے تک خصوصی رعایت فراہم کی گئی ہے تاکہ روزہ داروں کو افطار کے لیے ضروری اشیاء مناسب نرخوں پر دستیاب ہو سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان سستا بازار میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ عوام کی سہولت اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تاکہ شہری بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں۔ انتظامیہ کی جانب سے بازار کی مسلسل نگرانی بھی کی گئی تاکہ سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سستا بازار کا دورہ کرنے والے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سستا بازار کے قیام سے عام لوگوں کو خاطر خواہ ریلیف ملا ہے۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے عوام دوست اقدامات جاری رکھے گی۔

