پیپلز سندھ ٹیوٹا ایمپلائز یونین کی مسلسل جدوجہد رنگ لے آئی زاہد تاج بلوچ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (STEVTA) کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا دیرینہ مسئلہ بالآخر حل کر لیا گیا ہے اور تمام واجبات کی ادائیگی رواں ہفتے متوقع ہے۔ یہ پیش رفت پیپلز سندھ ٹیوٹا (STEVTA) ایمپلائز یونین کی طویل اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔یونین کے صدر زاہد تاج بلوچ اور جنرل سیکریٹری سید احمد علی شاہ نے اس اہم کامیابی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز لیبر بیورو کے مرکزی رہنما حبیب الدین جنیدی اور اسلم سموں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ رہنماؤں کی بھرپور کاوشوں اور تعاون سے ریٹائرڈ ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا جس سے سینکڑوں خاندانوں کو ریلیف ملے گا۔اس موقع پر یونین قائدین نے چیئرمین اسٹیوٹا جنید بلند اور مینیجنگ ڈائریکٹر طارق منظور چانڈیو سے بھی ملاقات کی اور پنشن کے مسئلے کے حل میں ان کے مثبت اور کلیدی کردار کو سراہا۔ یونین رہنماؤں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جنید بلند اور طارق منظور چانڈیوکوگلدستہ پیش کیا۔یونین کے اعلامیے کے مطابق تمام ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی رواں ہفتے متوقع ہے۔ یونین قیادت کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ملازمین کے حقوق کے لیے کی جانے والی مخلصانہ اور مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے، جسے ہمیشہ ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں