کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن چوہدری نعیم کریم نے اسلامی جمہوریہ ایران پرامریکہ اوراسرائیل کی جارحیت اور بمباری سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای،اسکولوں کے بچوں اورشہریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر جارحیت بند اوروہاں کے معصوم عوام کا قتل عام روکا جائے اور حکومت پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک فوری طور پر ایران پر حملے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کا ایران پر بلاجواز حملہ خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر سکتا ہے اور یہ کسی نئی عالمی جنگ کا پیش خیمہ بھی بن سکتا۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کا ایران پر حملہ کھلی دہشت گردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سکولوں، ہسپتالوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا بدترین درندگی اور سفاکیت ہے جس کے نتیجے میں معصوم بچے اور ہزاروں شہری شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ جنگی جنون اور تیل پر قبضے کیلئے دنیا کو جنگ کی آگ میں دھکیل رہے ہیں اور معصوم انسانوں کو قتل کیا جا رہا ہیعالمی اصولوں کے مطابق جنگ کے دوران اسکولوں، ہسپتالوں اور عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا لیکن اس کے باوجود اسرائیل اور امریکہ ایران میں معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے۔انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے وطن کی خودمختاری کیلئے جان قربان کی اور ایران کی ثابت قدمی دنیا کی مظلوم عوام کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور اس مشکل گھڑی میں مسلم امہ کو ایران کی کھل کر حمایت اور مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت دیگر مذہبی شخصیات،اسکول کے بچوں اور شہریوں کی شہادت پر ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام مسلم ممالک کو اتحاد اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے، امریکہ، اسرائیل اور بھارت سنی اور شیعہ کو تقسیم کرنا چاہتے تھے لیکن پاکستانی عوام ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث چند دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان پر ہیں، مشرق وسطی اور ایران کی کشیدہ صورتحال نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ عالمی سطح پر جنگی حالات کے باعث عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے، جس کے منفی اثرات پاکستان کی معاشی صورتِ حال پر بھی واضح طور پر پڑ رہے ہیں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑھوتری، رسد و طلب کے مسائل اور لاجسٹک چیلنجز نے درآمدی ممالک بشمول پاکستان کے لیے ایندھن کی قیمتیں بے حد حد تک متاثر کی ہیں جس کے ذمہ دار امریکہ اوراسرائیل ہیں جنہوں نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیل دیا ہے۔

