ملکی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل،ا ن کی معاشی و سیاسی شمولیت پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ ملکی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ا ن کی معاشی و سیاسی شمولیت پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے، پاکستانی خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوا رہی ہیں اور قانون سازی سے لیکر معیشت تک فعال کرداراداکررہی ہیں پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کیلئے عملی کام کیا ہے پارٹی کی شہید چیئرمین محترمہ بے نظیر بھٹو،محترمہ آصفہ بھٹو اور فریال تالپور نے خواتین کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی میں اہم کردار ادا کیا۔عالمی یوم خواتین کے مواقع پر یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کا اہم ستون ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شرکت کے بغیرترقی نہیں کر سکتا خواتین کو جو حقوق دین اسلام نے دیئے ہیں مغرب میں ان کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستان کی خواتین سیاست، معیشت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ خواتین کو برابری کے مواقع اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی و مذہبی اقدار کا حصہ ہے اوریہاں خواتین کو اسلامی اقدار میں رہتے ہوئے اپنے جائز حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کی اجازت ہے لیکن اس کی آڑمیں ناجائز فائدہ اٹھانے اور غلط پروپیگنڈہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقعوں کی فراہمی اور انہیں ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جس سے خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع میسرآئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں