تمپ کا قیام انتظامی نظام مؤثر بنانے، ترقیاتی عمل تیز کرنے،عوام کو سہولیات دہلیز تک پہنچانے کی جانب اہم پیشرفت ثابت ہوگاوزیراعلیٰ بلوچستان

تربت(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے دورہ تربت کے دوران نئے ضلع تمپ کے قیام کا نوٹیفکیشن باقاعدہ طور پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی میر اصغر رند کے حوالے کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ضلع تمپ کا قیام علاقے میں انتظامی نظام کو مؤثر بنانے، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور عوام کو حکومتی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے اور وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مقامی سطح پر گورننس کو بہتر بنانے کے لیے نئے اضلاع کا قیام ناگزیر ہے تاکہ عوامی مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کرے گی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تقریب میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور صوبائی وزیر ریونیو میر عاصم کرد گیلو، میر اصغر رند بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے جبکہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی اس موقع پر نوٹیفکیشن وصول کرنے کے بعد صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی میر اصغر رند نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع تمپ کا قیام علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی بلکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں بھی اضافہ ہوگا اور عوام کو بنیادی سہولیات تک رسائی میں نمایاں آسانی حاصل ہوگی انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا یہ اقدام علاقے کی ترقی، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا جس سے تمپ اور اس کے گرد و نواح کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں