ڈیرہ بگٹی (نمائندہ) انڈس ہسپتال سوئی نے ایک اہم تعلیمی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بلوچستان کا پہلا ہسپتال بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے جہاں MRCGP International امتحان کی باقاعدہ اسٹرکچرڈ ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور خطے میں طبی تعلیم کے معیار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس موقع پر ہسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر مسعود نوشیروانی کی موجودگی میں اس اہم پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ تربیتی پروگرام کی نگرانی ڈاکٹر محمد خان اور ڈاکٹر فرمان کریں گے۔
یہ پروگرام ڈاکٹر عدیل شاہ اور ڈاکٹر فرخ کی کاوشوں سے شروع کیا گیا جبکہ اس حوالے سے 9 مارچ 2026 کو انڈس ہسپتال کراچی کی فیملی میڈیسن کی سربراہ ڈاکٹر شائستہ کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ MRCGP International ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ پروگرام ہے جسے برطانیہ، آسٹریلیا اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں اہم پیشہ ورانہ حیثیت حاصل ہے۔
تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں انڈس ہسپتال سوئی کے 10 ڈاکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقے میں مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
انڈس ہسپتال سوئی کی جانب سے اس اہم تعلیمی پیش رفت پر تمام شعبہ جات کو مبارکباد پیش کی گئی ہے جبکہ انڈس ہسپتال کراچی خصوصاً ڈاکٹر شائستہ اور ڈاکٹر فریدہ کے تعاون کو بھی سراہا گیا ہے

