لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش)محکمہ کھیل بلوچستان کے زیر اہتمام پاکستان ڈے 23 مارچ 2026 کے سلسلے میں ثقافتی کھیل میں دو روزہ ملاکھڑا مقابلوں کا انعقاد جام محمد یوسف فٹبال اسٹیڈیم اوتھل میں کیا گیا۔ فیسٹیول میں ضلع لسبیلہ کے معروف ملھ پہلوانوں نے اپنے فن کے شاندار جوہر دکھائے۔ملاکھڑے کے دلچسپ مقابلوں کو دیکھنے کے لیے سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں اور تماشائیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔ مقابلوں کے دوران پہلوانوں کے درمیان زور آزمائی نے شائقین سے خوب داد وصول کی اور پورا ماحول روایتی ثقافتی رنگ میں رنگا رہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق چیف آفیسر ضلع کونسل سردارزادہ غلام سرور شیخ تھے، جنہیں روایتی اجرک پہنائی گئی اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ملھ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ملھ پہلوانوں کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی سردارزادہ غلام سرور شیخ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر ثقافتی کھیلوں کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکھڑا بلوچستان، سندھ اور پنجاب کا قدیم ثقافتی کھیل ہے جو لسبیلہ کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو اپنی روایات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ثقافتی اور کھیلوں کے مقابلے نہ صرف تفریح کا باعث بنتے ہیں بلکہ علاقائی ثقافت کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اس موقع پر ڈی ایچ او ہسپتال اوتھل کے سپرنٹنڈنٹ غلام حیدر وڈیرہ محمد امین سومرو، ملھ ایسوسی ایشن کے عہدیداران محمد انور بلوچ، شبیر احمد خاصخیلی، محمد انور خاصخیلی، قادر شیدی، عابد حسین خاصخیلی اور لسبیلہ کے معروف ملھ پہلوان غلام حسین غلا جاموٹ بھی موجود تھے

