جعفرآباد میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری، ڈپٹی کمشنر نے شکایات سن لیں

صحبت پور (عطا محمد کھوسہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیرِ نگرانی گوٹھ سردار علی مراد خان سیال میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، شہریوں، زمینداروں اور کاشتکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر علاقے کی اہم شخصیات سردار داؤد خان کھوسہ، سردار علی مراد سیال، میر مٹھا خان بادینی، شہری اتحاد کے صدر حاجی محمد طاہر عمرانی سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔
کھلی کچہری کے دوران علاقہ مکینوں نے اپنے مسائل کھل کر بیان کیے۔ شہریوں اور کاشتکاروں نے زرعی مسائل، نہری پانی کی کمی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، گندم کی سرکاری قیمت، کھاد اور معیاری بیج کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات پیش کیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی خستہ حالی، نکاسیٔ آب اور دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل بھی ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھے گئے۔
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے شہریوں کے مسائل کو توجہ سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کو براہِ راست اپنی مشکلات بیان کرنے کا موقع فراہم کرنا اور ان کا جلد از جلد حل یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کے عمل کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں