ڈیرہ اللہ یار پولیس کی کامیاب کارروائی، پولیس مقابلے کے بعد تین ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار

ڈیرہ اللہ یار (اے این این) ڈی آئی جی پی نصیرآباد رینج کیپٹن (ر) جناب عاصم خان اور ایس ایس پی جعفرآباد جناب کامران نواز پنجوتھا کی ہدایات پر ڈیرہ اللہ یار پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد تین ڈکیتوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈیرہ اللہ یار کی حدود میں منظور خان پٹرول پمپ کے قریب پولیس معمول کے گشت پر موجود تھی کہ اس دوران مسلح ملزمان کو ڈکیتی کی نیت سے موجود پایا گیا۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کا تبادلہ کیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین ملزمان احسان ولد منظور احمد، اصغر ولد امداد اور وحید ولد علی داد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین عدد پستول اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
یہ کارروائی ڈی ایس پی سرکل ڈیرہ اللہ یار صدورا خان لاشاری کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ڈیرہ اللہ یار محمد عیسیٰ کھوسہ اور ان کی پولیس ٹیم نے انجام دی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں