سبی(رپورٹر)وادی بولان سنگل اور تنگ شاہراہوں کی توسیع، ترقیاتی کاموں میں تیزی وزیر اعلیٰ بلوچستان کی دلچسپی قابل تحسین ہیں عوامی حلقے٬وادی بولان میں سنگل اور تنگ شاہراہوں اور ٹنلز کو کشادہ کرنے کے جاری منصوبوں میں نمایاں پیش رفت جاری ہے اس اہم شاہراہ کی توسیع اور بہتری کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی دلچسپی اور ترجیحی بنیادوں پر کام کی رفتار کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔حکومت بلوچستان کی ہدایت پر وادی بولان کی اہم شاہراہوں کو کشادہ اور محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ذمہ داری نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے سپرد کی گئی،جس نے علاقے کے مشکل ترین حصوں پر کام کے لیے تجربہ کار تعمیراتی کمپنیوں کا انتخاب کیا۔
ذرائع کے مطابق پنجرہ پل ٹنل اور سراج آباد سیکشن جیسے دشوار گزار اور پیچیدہ مقامات پر تعمیراتی کام کے لیے سردار نور احمد کھیتران کنسٹرکشن کمپنی کو ذمہ داری دی گئی کمپنی نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، قائدانہ صلاحیتوں اور دن رات کی مسلسل محنت کے ذریعے ان مشکل ترین مراحل کو کامیابی سے عبور کرتے ہوئے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا۔سردار نور احمد کھیتران کنسٹرکشن کمپنی پاکستان کی معروف تعمیراتی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، جو ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر چکی ہے۔ کمپنی کا انجینئرنگ اسٹاف اور لیبر کشادہ، محفوظ اور دیرپا شاہراہوں کی تعمیر کے لیے مسلسل محنت میں مصروف ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں وادی بولان کی تنگ اور سنگل سڑکوں کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ معمولی حادثات یا ٹریفک کی بندش کی صورت میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتیں اور مسافروں کو گھنٹوں بلکہ بعض اوقات پورا دن انتظار کرنا پڑتا تھا جس سے عوام کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔تاہم اب شاہراہوں کی توسیع اور بہتری کے بعد صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔کشادہ اور بہتر سڑکوں کی بدولت سفر کا دورانیہ بھی کم ہو گیا ہے اور مسافر اب نسبتاً کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ رہے ہیں عوام کا کہنا ہے کہ جہاں پہلے وادی بولان کا سفر طویل اور صبر آزما ہوتا تھا، وہیں اب اسی راستے کو ڈھائی سے تین گھنٹوں میں طے کرنا ممکن ہو گیا ہے۔سندھ بلوچستان عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سردار نور احمد کھیتران کنسٹرکشن کمپنی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ترقیاتی منصوبے اسی رفتار سے جاری رہیں گے تاکہ علاقے میں سفری سہولیات مزید بہتر ہوں اور عوام کو مزید ریلیف مل سکے

