کوئٹہ(این این آئی) حکومت بلوچستان نے موجودہ عالمی و علاقائی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اور ایندھن کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کردیا ہے، جن کا اطلاق فوری طور پر تمام صوبائی محکموں، منسلک اداروں، خودمختار اداروں، صوبائی اسمبلی اور دیگر سرکاری اداروں پر ہوگا۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی آئندہ دو ماہ کے لیے 50 فیصد کم کر دی گئی ہے جبکہ صوبائی حکومت کے 60 فیصد سرکاری گاڑیاں دو ماہ کے لیے بند رکھی جائیں گی اور کار پولنگ کو فروغ دیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کابینہ وزراء، مشیران اور وزیراعلیٰ کے پارلیمانی سیکریٹریز دو ماہ کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہیں اور الاؤنسز چھوڑیں گے جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں بھی دو ماہ کے لیے 25 فیصد رضاکارانہ کمی کی جائے گی۔ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے وہ سرکاری افسران جن کی ماہانہ تنخواہ تین لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہے، وہ رضاکارانہ طور پر دو دن کی تنخواہ ترک کرسکیں گے۔اعلامیے کے مطابق جاری مالی سال 2025-26کی آخری سہ ماہی کے لیے نان ای آر ای بجٹ میں 20 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ جون 2026 تک تمام نئی گاڑیوں اور دیگر پائیدار اشیاء کی خریداری پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، البتہ استثنا صرف آسٹریٹی کمیٹی کی منظوری سے دیا جائے گا۔ کابینہ اراکین، مشیروں، پارلیمانی سیکریٹریز، اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران کے سرکاری دوروں پر غیر ملکی سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور انہیں صرف اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔مزید برآں سرکاری اداروں میں جسمانی اجلاسوں پر پابندی برقرار رہے گی اور تمام اجلاس آن لائن یا ورچوئل پلیٹ فارمز کے ذریعے منعقد ہوں گے۔ سرکاری عشائیوں کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی، سوائے غیر ملکی وفود کی آمد کے مواقع پر۔ سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرام اور کانفرنسز کے انعقاد کے لیے سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی اور سیکریٹری خزانہ پر مشتمل کمیٹی سے پیشگی منظوری لازم ہوگی اور ایسے پروگرام سرکاری عمارتوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ایندھن کے تحفظ کے اقدامات کے تحت سرکاری اداروں میں 50 فیصد عملے کے لیے باری باری ورک فرام ہوم کی سہولت دی جائے گی جبکہ چار روزہ ورک ویک نافذ کیا جائے گا، تاہم اس کا اطلاق بینکنگ اور ضروری خدمات پر نہیں ہوگا۔ نجی اداروں کو بھی اسی نوعیت کے اقدامات اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں 23 مارچ 2026 تک اسپرنگ تعطیلات ہوں گی تاہم امتحانات معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔دیگر اقدامات میں شاہراہوں پر رفتار کی حد 65 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کرنا اور شادی بیاہ کی تقریبات میں مہمانوں کی تعداد 200 افراد تک محدود کرنا شامل ہے جبکہ ایسی تقریبات میں ایک ہی ڈش پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے

