کوئٹہ (این این آئی) رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کی مساجد میں بڑی تعداد میں فرزندانِ اسلام سنتِ اعتکاف کی ادائیگی کے لیے معتکف ہوگئے۔کوئٹہ شہر کی مرکزی اور مقامی مساجد میں شہریوں نے نماز عصر کے بعد اعتکاف کی نیت سے قیام اختیار کرلیا جہاں وہ آئندہ دس روز عبادت، تلاوتِ قرآن، نوافل اور ذکر و اذکار میں مصروف رہیں گے۔مساجد کی انتظامیہ کے مطابق معتکفین کے لیے علیحدہ جگہیں مختص کی گئی ہیں جبکہ سحر و افطار اور دیگر سہولیات کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہر کی بڑی مساجد سمیت مختلف علاقوں کی مساجد میں نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد اعتکاف میں شریک ہے۔علمائے کرام کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف سنتِ مؤکدہ علی الکفایہ ہے جو 20 رمضان کی شام سے شروع ہو کر عیدالفطر کے چاند نظر آنے تک جاری رہتا ہے، اس دوران معتکفین عبادات کے ذریعے شب قدر کی تلاش اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔دریں اثنا بلوچستان کے دیگر شہروں کی مساجد میں بھی شہری اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں جس کے باعث مساجد میں روحانی ماحول دیکھنے میں آ رہا ہے اور عبادات کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

