بولان(این این آئی)خلیفہ چہارم امیرالمومنین حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے یومِ شہادت کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی سربراہی میں علماء کرام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، انجمن تاجران ڈھاڈر کے نمائندے اور اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے شرکت کی اجلاس میں یومِ شہادت حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے اور خطے کی حالیہ حالات کے تناظر پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے گفتگو میں کہا کہ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی زندگی امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے اور انکے یومِ شہادت کے موقع پر ہمیں ان کی تعلیمات کو عام کرنے اور معاشرے میں رواداری، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اجلاس میں علماء کرام نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

