بھاگ (رپورٹر) 21 رمضان المبارک 1447ھ کے موقع پر سنی علماء کونسل تحصیل بھاگ کے زیر اہتمام یوم شہادت حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حوالے سے ایک عظیم الشان مطالباتی ریلی حلقہ امیر عزیمت رحمہ لال مسجد صوفن شاہ سے نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت تحصیل صدر قاری زاہد محمود قاسمی نے کی۔ جس میں مختلف حلقہ جات کے ذمہ داران، کارکنان اور عوام اہل سنت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ 21 رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی المرتضیٰ کو سرکاری طور پر منایا جائے اور اس دن عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ جمال الدین نے حاصل کی جبکہ حافظ سمیع اللہ نے منقبت پیش کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی داد محمد حیدری نے ضلع کچھی کی انتظامیہ کو تحصیل بھاگ کے امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھاگ ناڑی میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ اس موقع پر تحصیل صدر قاری زاہد محمود قاسمی نے اپنے خطاب میں حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مین بازار جہانگیر چوک پہنچا جہاں یہ جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ آخر میں ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی داد محمد حیدری کی پرخلوص دعا کے ساتھ ریلی اختتام پذیر ہوئی۔

