صحبت پور(رپورٹر) صحبت پور کی خستہ حال مین روڈ کے خلاف شہریوں نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے مولوی قادر بخش رحمۃ الل ہ چوک پر احتجاجی چندہ مہم شروع کر دی اور سڑک کی تعمیر کے لیے چندہ بکس رکھ دیا۔اس موقع پر سوشل ورکر محمد نقیب کھوسہ، جاموٹ یوتھ بلوچستان کے سابقہ صوبائی صدر، تحریک انصاف کے رہنما ذاکر حسین ناوڑہ جاموٹ اور رابطہ جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر برکت علی منگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں سے صحبت پور کی مین روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جگہ جگہ گڑھوں، دھول مٹی اور پتھروں کی وجہ سے عوام کا سفر عذاب بن چکا ہے، مگر افسوس کہ منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔مقررین نے کہا کہ ایم این اے میر خان محمد خان جمالی نے ضلع صحبت پور کے لیے آج تک کوئی واضح ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا، جبکہ ایم پی اے میر سلیم احمد خان کھوسہ بھی عوام کے اس بنیادی مسئلے کو حل کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عوامی نمائندے سڑکیں بنانے کے بجائے صرف وعدوں تک محدود رہیں تو عوام کو مجبوراً چندہ بکس رکھ کر اپنی سڑک خود بنانے کا فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چندہ مہم دراصل منتخب نمائندوں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ اگر حکمران اور نمائندے عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتے تو پھر عوام اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان شاء اللہ اسے بنا کر ہی دم لیں گے۔

