میئر تربت بلخ شیر قاضی نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کی مدت بڑھانے اور فیس کم کرنے کا مطالبہ کر دیا

تربت (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کے سلسلے میں عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹریشن کی موجودہ ڈیڈ لائن کو عیدالفطر تک مؤخر کیا جائے اور مقررہ فیسوں میں بھی مناسب کمی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی عارضی رجسٹریشن یا اندراج کی پالیسیوں سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ ماضی میں بھی جب اس نوعیت کی رجسٹریشن مہم چلائی گئی تو چند ہی ہفتوں بعد معاملات دوبارہ پرانے طریقے پر چلنے لگے، جس کے باعث ایسی رجسٹریشن کی افادیت زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہتی۔

بلخ شیر قاضی نے کہا کہ ضلع کیچ میں اس وقت ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں موجود ہیں، جبکہ ان کی رجسٹریشن کے لیے 15 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اتنی قلیل مدت میں اتنی بڑی تعداد میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کرانا عملی طور پر ممکن نہیں۔ ایک جانب وقت انتہائی محدود رکھا گیا ہے اور دوسری جانب رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ جاری ہے، جس دوران عمومی طور پر سرکاری دفاتر کے اوقات کار بھی کم کر دئیے جاتے ہیں تاکہ روزہ داروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس تناظر میں رمضان المبارک کے دوران رجسٹریشن کے عمل میں عجلت سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے اندراج کے لیے مقرر کی گئی فیس بھی غیر معمولی طور پر زیادہ ہے، حالانکہ یہ رجسٹریشن عارضی نوعیت کی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد صرف گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا ریکارڈ مرتب کرنا اور انہیں نمبر پلیٹ جاری کرنا ہے۔ لہٰذا فیس کو صرف نمبر پلیٹ اور انتظامی اخراجات کی مناسبت سے رکھا جانا چاہیے۔

میئر تربت نے کہا کہ چونکہ یہ عارضی رجسٹریشن دراصل حکومت کی انتظامی ضرورت ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ عوامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب اور قابلِ برداشت فیس مقرر کرے، تاکہ عام شہریوں اور موٹرسائیکل و گاڑی مالکان کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے پولیس اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے رجسٹریشن کی مدت میں توسیع، فیسوں میں کمی اور رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ عوام بغیر کسی تکلیف و پریشانی کے اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا اندراج کرا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں