تربت(رپورٹر) ایران پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں پر نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر انجنیئر حمید بلوچ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر خودمختار ممالک کو نشانہ بنانا عالمی انصاف اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع، املاک اور انفراسٹرکچر پر شدید ترین بمباری انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انجنیئر حمید بلوچ نے مزید کہا کہ عالمی طاقتوں کو جنگ اور تباہی کے بجائے مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری، مکالمے اور باہمی احترام کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور خطے کو مزید جنگ کی آگ میں دھکیلنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی خاموشی اور بے حسی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی ادارے اس طرح کے واقعات پر مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہیں گے تو دنیا میں انصاف اور عالمی قوانین پر اعتماد مزید کمزور ہوگا۔

