رمضان المبارک کا آخری عشرہ عبادت، دعا اور مغفرت سمیٹنے کا بہترین موقع ہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب ایوبی، شیخ مولانا عبدالاحد، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ، مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ بے حد فضیلت اور برکتوں کا حامل ہے۔ اس مبارک عشرے میں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور مغفرتیں اپنے بندوں پر خصوصی طور پر نازل ہوتی ہیں۔عوام الناس کو چاہیے کہ وہ اس قیمتی وقت کو لہو و لعب بے مقصد بازار گردی اور غیر ضروری محفلوں میں ضائع کرنے کے بجائے عبادت، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور دعا میں گزاریں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری ایام خصوصاً شبِ قدر کی تلاش اور عبادت کے لیے نہایت اہم ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ان بابرکت راتوں میں زیادہ سے زیادہ عبادت کا اہتمام کریں اور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں۔ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو درپیش مشکلات، معاشی پریشانیوں اور اجتماعی مسائل سے نجات کے لیے بھی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے انہوں نے کہاکہ انفرادی عبادات کے ساتھ ساتھ اجتماعی دعا اور اصلاحِ اعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، کیونکہ اعمال کی درستگی اور اللہ تعالیٰ کی رضا ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صدقہ? فطر اور صدقات کے ذریعے مساکین محتاجوں اور مستحقین کی مدد کی جائے تاکہ ان کے بچے عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں