رمضان میں لوڈشیڈنگ تاجروں اور عوام کیلئے عذاب بن گئی

کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حسین حیدری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ شروع ہو چکا ہے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ اس بابرکت مہینے میں بھی بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس نے شہریوں اور تاجر برادری کو شدید اذیت اور پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک خصوصاً اس کے آخری ایام عبادات، شب بیداری اور روحانی سکون کے دن ہوتے ہیں مگر بدقسمتی سے بجلی اور گیس کی مسلسل بندش نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے بلکہ گھریلو زندگی کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ یہ بات انہوں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری مراکز میں بار بار بجلی کی بندش سے تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے جبکہ گھروں میں گیس کی قلت کے باعث سحری اور افطار کی تیاری بھی ایک کڑا امتحان بن چکی ہے۔ کاشف حسین حیدری نے کہا کہ پہلے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ رات 10 بجے سے صبح 7 بجے تک شیڈول کے تحت کی جا رہی تھی لیکن اس کے باوجود دن کے اوقات میں بھی غیر اعلانیہ بندش جاری رکھنا عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور تاجر برادری صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے مگر بنیادی سہولیات کی اس طرح مسلسل بندش کسی صورت قابل قبول نہیں، متعلقہ حکام کو چاہیے کہ فوری طور پر اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور رمضان المبارک کے بقیہ ایام میں بجلی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ شہری کم از کم اس مقدس مہینے کے آخری ایام سکون اور اطمینان کے ساتھ گزار سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں