سبی(یو این اے)ڈپٹی انسپیکٹر جنرل آف پولیس سبی رینج برکت علی کھوسو نے کہا ہے کہ خواتین کی خودمختیاری اور ان کے مسائل کے حل کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کی شکایات کے فوری ازالے کے ساتھ ساتھ شکایت درج کرانے والی خواتین کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پولیس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور کسی بھی خاتون کے ساتھ زیادتی یا ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرائیں، پولیس ان کی داد رسی اور مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں انصاف فراہم کرنا پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔کھلی کچہری کے دوران خواتین نے گھریلو تشدد، ہراسانی اور دیگر مسائل کے حوالے سے اپنی شکایات پیش کیں، جن پر متعلقہ حکام نے موقع پر ہی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر عورت فاؤنڈیشن کے نمائندگان اور پولیس افسران بھی موجود تھے

