صحبت پور (عطا محمد کھوسہ )تھانہ شہید ملک محمد علی کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر بے لگام ہو گئے، جہاں نامعلوم چوروں اور ڈاکوؤں نے صرف 12 گھنٹوں کے دوران تین مختلف وارداتیں کر کے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان نے یکے بعد دیگرے تین وارداتیں کر کے گویا جرائم کی ہیٹرک مکمل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پہلی واردات وڈیرہ غلام حسین کھوسہ کے بزرگ عابد علی کھوسہ کے گھر میں پیش آئی، جہاں نامعلوم چور گھر سے قیمتی گائے چوری کر کے فرار ہو گئے۔ اہل علاقہ کے مطابق واقعہ رات کی تاریکی میں پیش آیا اور چور باآسانی جانور لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری واردات گوٹھ فضل محمد کھوسہ میں پیش آئی، جہاں نامعلوم ملزمان رضوان احمد کھوسہ ولد نیک محمد کے گھر میں داخل ہو کر سی ڈی موٹر سائیکل (2026 ماڈل) چوری کر کے لے گئے۔
اسی سلسلے کی تیسری واردات بھنڈ شہر کے قریب پیش آئی، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے پیر پخش ولد نصیب اللہ قوم کنرانی ساکن غلام محمد کنرانی سے اسلحے کے زور پر سی ڈی موٹر سائیکل (2025 ماڈل) چھین کر فرار ہو گئے۔
مسلسل پیش آنے والی ان وارداتوں کے بعد علاقے کے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، گشت کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق صرف چند گھنٹوں میں تین بڑی وارداتوں نے تھانہ شہید ملک محمد علی کی کارکردگی پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

