بھارتی اداکارہ نینا گپتا نے 66 سال کی عمر میں حاملہ ہونے کی افواہوں پر مزاحیہ انداز میں ردِعمل دے کر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔
حال ہی میں وہ وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی حیدرآباد میں ہونے والی شادی کی استقبالیہ تقریب میں شریک ہوئیں، جہاں ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ ان ویڈیوز کے بعد کچھ صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کردیں کہ 66 سالہ اداکارہ شاید حاملہ ہیں۔
ایک انٹرویو میں نینا گپتا نے ان افواہوں پر ہنستے ہوئے وضاحت دی کہ وہ حاملہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کوئی ’بدھائی ہو‘ نہیں ہے، دراصل ساڑھی کا کپڑا موٹا تھا جس کی وجہ سے میں تقریب میں کچھ بھاری دکھائی دے رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس عمر میں اپنی حمل کی افواہیں سن کر حیرت بھی ہوئی اور خوشی بھی۔ ان کے بقول مجھے یہ سب قیاس آرائیاں اچھی لگتی ہیں، اس سے لگتا ہے کہ ہمارا معاشرہ بدل رہا ہے۔
یاد رہے کہ نینا گپتا کی ذاتی زندگی بھی ماضی میں خبروں کا مرکز رہی ہے۔ جب وہ حاملہ ہوئیں تو کئی لوگوں نے انہیں اسقاط حمل کا مشورہ دیا، لیکن انہوں نے بچے کو جنم دینے کا فیصلہ کیا۔ 1989 میں ان کی بیٹی مسابا گپتا پیدا ہوئیں۔
اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب سچ کہوں تو میں نینا گپتا نے لکھا کہ بہت سے لوگوں نے انہیں سنگل پیرنٹ بننے کے خطرات سے آگاہ کیا، لیکن آخرکار انہوں نے اپنے دل کی سنی اور بچے کو دنیا میں لانے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل اداکارہ نے اپنی زندگی کے ایک مشکل دور کا بھی ذکر کیا تھا جب ایک شخص سے ان کی منگنی ہوچکی تھی مگر شادی سے عین پہلے اس نے رشتہ ختم کردیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ اس اچانک فیصلے سے شدید دل برداشتہ اور پریشان ہوگئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور وہ دہلی میں خاندان اور دوستوں کے ساتھ شادی کے کپڑے خرید رہی تھیں۔

