کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ پولیس نے اندھے قتل کیس کا سراغ لگاکر ملزم کو گرفتارکرکے مسروقہ رقم اور زیورات برآمد کرلئے۔ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ آصف خان نے بتایا کہ گزشتہ دنوں پولیس اسٹیشن زرغون آبادکے علاقے بشیر آباد میں ڈکیتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بزرگ مسیحی خاتون مس مارتا ولد ہدایت ایم بھٹی اپنے گھر کے اندر قتل شدہ پائی گئیں۔انہوں نے بتایاکہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی تجزیہ کے ذریعے نواز مسیح کی شناخت مرکزی ملزم کے طور پر کی مسلسل نگرانی کے بعد ملزم کو ہفتہ کو اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران قاتل نے مقتول کا رسی سے گلا دبا کر نقدی اور طلائی زیورات چوری کرنے کا اعتراف کیا، ملزم کی نشاندہی پر، 100,000 روپے نقدی، طلائی زیورات اور قتل میں استعمال ہونے والی رسی، ہیلتھ آفس، نیو لنک روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن کے ایک کمرے سے برآمد ہوئی، جہاں وہ صفائی کا کام کرتا تھا۔پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

