کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ کے زرعی کالج میں غیر قانونی طور پرکوئٹہ پائن، شہتوت اور دیگر اقسام کے 35درخت کاٹے گئے۔ محکمہ جنگلات حکام کے مطابق سوشل میڈیا پرزرعی کالج کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومت بلوچستان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اسی سلسلے میں ہفتہ کو ڈپٹی سیکرٹری زراعت اور ڈی سی ایف کوئٹہ سٹی نے زرعی کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران موقع پر معائنہ کیا گیا جہاں ابتدائی طور پر تقریباً 35 درختوں کی کٹائی سامنے آئی جن میں کوئٹہ پائن، شہتوت اور دیگر اقسام کے درخت شامل ہیں۔ متعلقہ حکام نے موقع پر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور شواہد اکٹھے کیے۔محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق اس واقعے کے حوالے سے مکمل تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے جو جلد اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے گی، جس کی روشنی میں قانون اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے واضح کیا ہے کہ درختوں اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور صوبے میں جنگلات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔

