اوتھل میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد بھی دفاتر سنسان عوام دربدر

اوتھل (این این آئی)اوتھل میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد بھی دفاتر سنسان عوام دربدر،ضلعی صدر مقام اوتھل میں سرکاری افسران و ملازمین کی عیدالاضحیٰ کی طویل تعطیلات ختم ہونے کے باوجود بیشتر دفاتر دوسرے روز بھی سنسان رہے، جس کے باعث اپنے مسائل کے حل کے لیے دور دراز سے آنے والے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے صدرمقام اوتھل میں اکثر محکموں کے افسران و اہلکار عید کی چھٹیوں سے کئی روز قبل ہی دفاتر سے غائب ہو گئے تھے، اور تعطیلات ختم ہونے کے بعد بھی تاحال دفاتر میں حاضری نہیں دی گئی۔ محکمہ خزانہ سمیت دیگر محکموں کے دفاتر میں سناٹا چھایا رہا، جس پر سائلین نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جون کا مہینہ افسران کے لیے “خوشی کا مہینہ” بن چکا ہے، کیونکہ اس دوران ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈز سے گاڑیوں کی مرمت، دفاتر کے اخراجات، پٹرول ڈیزل، اور کینٹی جینسی بلز کی مد میں بڑے پیمانے پر سرکاری خزانے کا رخ کیا جاتا ہے۔ 30 جون تک افسران بڑی سرگرمی دکھاتے ہیں، لیکن جولائی کے آغاز کے ساتھ ہی دفاتر میں غیر حاضری معمول بن جاتی ہے۔عوامی حلقوں و شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جون میں تمام غیر شفاف فنڈنگ کو روکا جائے اور ایسے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو فرض سے غفلت برت رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ جب تک کرپشن اور غیر حاضری کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا، بلوچستان ترقی نہیں کر سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں